6 اپریل 2014 - 19:22
لبنان میں شامی مہاجرین کی تعداد میں اضافہ، لبنان کو فوری مدد کی ضرورت

انسان دوستانہ امداد کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے شام کے پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد کے لبنان میں داخل ہونے کی بنا پر، لبنان کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انسان دوستانہ امداد کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے شام کے پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد کے لبنان میں داخل ہونے کی بنا پر، لبنان کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔"والری آموس" نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ شام میں جاری بحران کو تین سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور لبنان میں تقریبا دس لاکھ سے زیادہ شامی پناہ گزین موجود ہیں اور ان میں پانچ لاکھ کے قریب بچے ہیں۔ انسان دوستانہ امداد کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ شام کے پناہ گزینوں کی لبنان میں موجودگی نے اس ملک کی اقتصادی صورت حال پر اثرات مرتب کیے ہیں اور اگر اس حوالے سے لبنان کی مدد نہیں کی گئی تو اس ملک کے اقتصادی مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔  "والری آموس" نے کہا کہ لبنان کے عوام کو بجلی ، پانی اور صحت عامہ کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے اس لئے بیروت کی اس حوالے سے فوری مدد کیئے جانے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے شام کے پناہ گزینوں کی مدد کےحوالے سے لبنان کےعوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲